بغداد میں ہونے والے دہشت گردانہ بم دھماکوں میں متعدد عراقی شہری شہید اور زخمی
شمالی اور جنوبی بغداد میں ہونے والے دہشت گردانہ بم دھماکوں میں متعدد عراقی شہری شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔
عراقی حکام کے مطابق، ہفتے کو شمالی بغداد کے علاقے طارمیہ کے المشاہدہ نامی محلے میں ہونے والے دھماکے میں کم سے کم تین عراقی شہری شہید اور سات دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ ادھر جنوب مشرقی بغداد کے علاقے تویثہ میں بھی ایک بم دھماکہ ہوا جس میں کم سے کم ایک شخص کے شہید اور چار کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔ مقامی پولیس کے مطابق اس دھماکے میں کم سے کم چار افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
ایک اور اطلاع کے مطابق داعش کے دہشت گردوں نے فلوجہ کے جنوبی اور مغربی علاقوں سے سیکڑوں افراد کو یرغمال بنا لیا تاکہ انہیں انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا جاسکے۔ عراقی فوج کا کہنا ہے کہ وہ مغویوں کو بازیاب کرانے کی کوشش کر رہی ہے۔
درایں اثنا عراقی فوج نے صوبہ الانبار میں داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے جس میں متعدد دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہوئے ۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ جب داعش کے دہشت گردوں نے صوبہ الانبار میں اپنے پانچ ساتھوں کو پھانسی دے دی ہے۔