شام میں دہشت گرد گروہوں کے درمیان جھڑپیں
شام کے دارالحکومت دمشق کے نواحی علاقے میں دہشت گرد گروہوں کے درمیان شدید جھڑپیں شروع ہوگئی ہیں ۔
عسکری ذرائع کے مطابق، یرموک کیمپ کے قریب جاری یہ جھڑپیں داعش اور جبہت النصرہ کے دہشت گردوں کے درمیان ہورہی ہیں جس میں پچھلے دو روز کے دوران درجنوں دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔ خبروں میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں نے باہمی جھڑپوں کے دوران عام شہریوں کے گھروں میں آگ لگادی ہے۔
دمشق کے نواحی علاقے غوطہ شرقیہ میں بھی جیش الاسلام اور جیش الفسطاط نامی دہشت گرد گروہوں کے درمیان گھمسان کی لڑائی ہو رہی ہے جس میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق درجنوں دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔ دہشت گرد گروہوں میں یہ جھڑپیں غیر ملکی امدادی سامان پر قبضہ کرنے اور اپنے زیرقبضہ علاقوں میں اضافہ کے لیے ہو رہی ہیں۔
دہشت گردوں کے درمیان جھڑپوں میں عام شہریوں کو زبردست نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے اور اس علاقے میں متعدد مکانا ت تباہ ہوگئے ہیں۔