عراق: بغداد میں ہائی سیکورٹی اجلاس
بغداد میں ہونے والے دہشت گردانہ بم دھماکوں کے بعد عراق کے وزیر اعظم نے سیکورٹی فورسز کے اعلی عہدیداروں کے ساتھ ایک اہم اجلاس تشکیل دیا۔
عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی کی زیر صدارت تشکیل پانے والے اس اجلاس میں بغداد کے بم دھماکوں کے بارے میں جائزہ لیا گیا۔ ان بم دھماکوں میں درجنوں افراد جاں بحق و زخمی ہوئے ہیں۔ اس اجلاس میں عراق کے وزیر اعظم نے دہشت گردوں سے سختی سے نمٹنے اور عراق میں امن کے قیام کے لئے اہم اور موثر سیکورٹی اقدامات عمل میں لائے جانے کی ضرورت پر تاکید کی۔ واضح رہے کہ عراق کے دارالحکومت بغداد کے شمال اور مغرب میں واقع علاقوں الکاظمیہ اور الجامعہ میں بدھ کے روز ہونے والے دہشت گردانہ بم دھماکوں میں تیس افراد جاں بحق اور ستّر سے زائد دیگر زخمی ہو گئے۔
ادھر صدر علاقے کے ایک بازار میں بھی ہونے والے کار بم دھماکے میں پینسٹھ افراد جاں بحق اور بیاسی دیگر زخمی ہوئے۔ عراق کے مختلف علاقوں خاص طور سے الانبار میں دہشت گردوں کے مقابلے میں عراق کی سیکورٹی فورسز اور عوامی رضاکاروں کو حاصل ہونے والی کامیابیوں کے بعد دہشت گردوں نے عراق میں عام شہریوں پر اپنے حملے تیز کر دیے ہیں۔