افغانستان: عدالت پر طالبان کا حملہ، پانچ حملہ آوروں سمیت دس ہلاک
افغانستان کے صوبے غزنی کی ایک عدالت پر طالبان کے حملے اور جوابی حملے میں دس افراد مارے گئے ہیں۔
افغان وزارت داخلہ کے مطابق طالبان کے ایک خودکش بمبار نے غزنی کی ایک عدالت کے گیٹ پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ اس کے چار دیگر ساتھیوں نے کمرہ عدالت میں گھس کر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار سمیت پانچ عام شہری جاں بحق ہوگئے۔ افغان وزارت داخلہ کے مطابق اس حملے میں چیف جسٹس سمیت ایک درجن سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ بعد ازاں پولیس نے جوابی کارروائی کر کے چاروں حملہ آوروں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
طالبان نے پیر کے روز قندوز کے علاقے علی آباد میں متعدد بسوں اور گاڑیوں کو روک کر دوسو کے قریب افراد کو اغوا کرلیا تھا جن میں سے سولہ افراد کی لاشیں قریبی علاقے سے برآمد ہوئی تھیں۔ ملا آخوند زادہ کے طالبان کا سرغنہ بننے کے بعد سے افغانستان میں طالبان کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے۔