عراق: الصقلاویہ میں خودکش حملہ، متعدد جاں بحق اور زخمی
مغربی عراق میں عراقی پناہ گزینوں کے مجمع میں ایک بم دھماکے سے متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہو گئے.
عراق سےموصولہ خبروں کےمطابق داعش کےایک دہشت گرد نےجمعے کو صوبہ الانبار کے الصقلاویہ علاقے میں عراقی پناہ گزینوں کے کنبوں کے درمیان خودکش دھماکہ کر کے متعدد عراقی پناہ گزینوں کو جاں بحق اور زخمی کر دیا
یہ ایسی حالت میں ہے کہ عراق کی سیکورٹی فورس اور پولیس نے عوامی رضاکار فورس کی مدد سے صوبہ الانبار میں لڑائیوں والے علاقوں میں محصور عراقی شہریوں کو بحفاظت محفوظ مقامات تک پہنچانے کے لئے پرامن راستے فراہم کر دئے ہیں
عراقی سیکورٹی فورس اور عوامی رضاکارفورس نے ان عراقی شہریوں سے یہ بھی کہا ہےکہ وہ اپنی صفوں میں دہشت گرد عناصر کو داخل نہ ہونے دیں اور ان سے ہوشیار رہیں
اس درمیان الجزیرہ فوجی کارروائی کے کمانڈر قاسم المحمدی نے کہا ہے کہ عراقی فوج کے توپخانے کے یونٹ نے ہیت کے شمال میں داعش کے ٹھکانوں پر شدید گولہ باری کی ہے جس کے نتیجے میں دہشت گردوں کی بہت سی گاڑیاں تباہ ہو گئی ہیں۔