Jun ۱۰, ۲۰۱۶ ۱۲:۳۳ Asia/Tehran
  • بحرین کی جیلوں کی ابتر صورتحال پر انسانی حقوق کی تنظیموں کی نکتہ چینی

انسانی حقوق کی حامی تنظیموں نے بحرینی قیدیوں کی ابتر صورتحال پر کڑی نکتہ چینی کی ہے-

پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بحرین کے انسانی حقوق کے مرکز اور دیگر انسانی حقوق کے مراکز نے جمعرات کو ایک مشترکہ بیان میں بحرین کے "المحرق" جزیرے میں قیدیوں کی صورتحال کو انتہائی بدتر اور تشویشناک قرار دیاہے اور اس صورتحال پر تشویش بھی ظاہر کی ہے- اس بیان میں آل خلیفہ حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ غیر مشروط طور پر قیدیوں کو شکنجے دینے اور ان کے ساتھ بدسلوکی کا سلسلہ بند کرے-

ایمنسٹی انٹر نیشنل اور انسانی حقوق کی دیگر تنظیموں نے بارہا ، بحرین میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر کڑی نکتہ چینی کی ہے اور ان تنظیموں نے آل خلیفہ حکومت کے ہاتھوں سیاسی قیدیوں کو سرکوب کرنے اور شکنجے دیئے جانے پر مبنی رپورٹیں بھی شائع کی ہیں- اس کے ساتھ ہی بحرین کے بہت سے سیاسی قیدیوں نے جیل حکام کی بدسلوکی اور جیلوں کی ابتر صورتحال کے خلاف بھوک ہڑتال کی ہے-

واضح رہے کہ بحرین میں فروری دو ہزار گیارہ سے آل خلیفہ حکومت کی ظالمانہ اور متعصبانہ پالیسیوں کے خلاف عوام کی پرامن تحریک جاری ہے جس کے دوران بحرینی اور سعودی سیکورٹی اور فوجی اہلکاروں نے سیکڑوں عام شہریوں کو شہید اور زخمی کیا ہے جبکہ بڑی تعداد میں لوگوں کو جیلوں میں بند کردیا ہے جن میں علما، ڈاکٹروں،نرسوں، اور انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والے کارکنوں کی ایک بڑی تعداد شامل ہے -

ٹیگس