طالبان کے خلاف افغان فوج کا آپریشن
افغانستان کی فوج اور سیکورٹی فورس نے صوبہ قندوز میں طالبان کے خلاف ایک بڑا آپریشن شروع کیا ہے
صوبہ قندوز میں تعینات فوجی دستوں کے کمانڈر محمد قسیم جنگل باغ نے بتایا کہ یہ آپریشن طالبان کا صفایا کرنے اور قندوز تخار شاہراہ پر واقع دیہاتوں کو طالبان کے قبضے سے آزاد کرانے کے لئے شروع کیا گیا ہے-
افغانستان کے مذکورہ فوجی عہدیدار نے بتایا کہ فوج اور سیکورٹی فورس نے اب تک چھے دیہاتوں کو طالبان کے قبضے سے پوری طرح آزاد کرا لیا ہے- افغان فوج کے عہدیدار محمد قسیم جنگل باغ نے کہا کہ اس آپریشن میں جہاں بڑی تعداد میں طالبان کے عناصر مارے گئے ہیں وہیں سرکاری فوج اور سیکورٹی فورس کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے -
ان کا کہنا تھا کہ یہ آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک قندوز- تخار شاہراہ پر واقع دیہاتوں کو طالبان کے قبضے سے آزاد نہیں کرا لیا جاتا-
واضح رہے کہ طالبان نے چند روز قبل قندوز- تخار شاہراہ پر دوسو مسافروں کو اغوا کرنے کے بعد ان میں سے بارہ کو قتل کر دیا تھا -