لیبیا میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن
لیبیا میں سرت اور بن غازی کو دہشت گردوں سے آزاد کرانے کے لئے آپریشن جاری ہے۔
لیبیا کے سرکاری ذرائع نے بتایا ہے کہ شہر سرت کے نزدیک داعش کے ساتھ جنگ میں لیبیا کے کچھ فوجی مارے گئے ہیں۔ لیبیا میں دہشت گردوں کے خلاف فوجی آپریشن کے انفارمیشن سینٹر بنیان مرصوص نے ایک بیان جاری کر کے اعلان کیا ہے کہ شہرسرت کے نزدیک تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کے ساتھ جنگ میں سات فوجی مارے گئے۔
اس رپورٹ کے مطابق لیبیا کی قومی وفاق کی حکومت کے یہ فوجی شہر سرت کے مغربی دروازے کے قریب جھڑپ میں مارے گئے ہیں۔ اس بیان میں بتایا گیا ہے کہ سرت کے قریب لڑائی میں داعش کو کافی نقصان پہنچا ہے۔ حکومتی ذرائع نے بتایا ہے کہ شہر سرت میں داعش کے دہشت گرد پوری طرح سرکاری افواج کے محاصرے میں آ گئے ہیں ۔
سرت میں داعش کے خلاف جنگ میں لیبیا کی قومی وفاق کی حکومت کی فوج کے ایک سو ستر اہلکار مارے جا چکے ہیں۔
دوسری طرف جنرل خلیفہ حفتر کی کمان میں لیبیا کی نیشنل آرمی کے ترجمان نے بتایا ہے کہ بن غازی کو آزاد کرانے کا آپریشن آخری مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ لیبیا کی نیشنل آرمی کے ترجمان کرنل احمد المسماری نے اعلان کیا ہے کہ بنغازی کے ہوائی اڈے اور بندرگاہ سمیت اکثر اہم علاقوں پر فوج کا کنٹرول ہے ۔ انھوں نے بتایا ہے کہ فوج نے دہشت گردوں کو بنغازی کے مغربی سیکٹر پر القوارشہ اور قنفودہ نامی علاقوں میں محصور کر دیا ہے۔