Jun ۱۶, ۲۰۱۶ ۱۸:۴۴ Asia/Tehran
  • بغداد میں دھماکہ، متعدد جاں بحق اور زخمی

عراق کے دارالحکومت بغداد میں دہشت گردانہ بم دھماکے میں دو افرادجاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔

اخبار العراق نیوز ویب سائٹ نے خبر دی ہے کہ بغداد کے جنوبی علاقے المحمودیہ کے بازار کے قریب بم دھماکے میں دو افراد جاں بحق اور دس زخمی ہو گئے ہیں-

اس درمیان عراقی وزیراعظم کے ترجمان سعد الحدیثی نے جمعرات کو فلوجہ آپریشن کےبارے میں کہا کہ عراقی افواج نے اس شہر کو پوری طرح اپنے محاصرے میں لے لیا ہےاور فلوجہ شہر کے اطراف کے سبھی علاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے-

عراقی وزیراعظم کے ترجمان کا کہنا تھا کہ چونکہ فلوجہ شہر کے اندر بڑی تعداد میں عام شہری موجود ہیں اس لئے شہر کو پوری طرح آزاد کرانے کی کارروائیاں سست رفتاری- سے انجام پا رہی ہیں- ان کا کہنا تھا کہ عراقی وزیراعظم نے فلوجہ کی آزادی کے آپریشن کی نگرانی کے لئے دو کمیٹیاں تشکیل دینے کا حکم جاری کر دیا ہے -

عراقی وزیرا‏عظم کےترجمان نے بتایا کہ ایک کمیٹی بےگھر ہونے والے عراقی شہریوں اور گھرانوں کی ضرورتوں کو پورا کرنے اور آزاد شدہ علاقوں میں امن قائم کرنے کی ذمہ داری ادا کرے گی اور دوسری کمیٹی پناہ گزینوں کے حقوق کی پامالی کے بارے میں کئے جانے والے دعووں کی تحقیقات کرے گی-

دوسری جانب فلوجہ سے ایک خبر یہ بھی ہے کہ داعش نے آٹھ سے تیرہ سال کی عمر کے نو بچوں کو جو اس گروہ سےوابستہ تھے فلوجہ کی لڑائیوں سے فرار کرنے کے جرم میں پھانسی دے دی ہے۔

 

ٹیگس