ترکی کے سرحدی محافظوں کے ہاتھوں شامی پناہ گزینوں کا قتل
ترکی کے سرحدی محافظوں نے شام کے آٹھ پناہ گزینوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔
ہیومن رائٹس واچ نے بتایا ہے کہ ترکی کے سرحدی محافظوں نے ترکی میں داخلے کی کوشش کرنے والے شام کے آٹھ پناہ گزینوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔ یہ پناہ گزین شمالی شام میں واقع ادلب صوبے کے مضافات میں گولیوں کا نشانہ بنے۔ ترک فوجیوں نے چار خواتین، تین بچوں اور ایک مرد پر فائرنگ کر کے ان کو موت کے گھاٹ اتارا ہے۔ اس فائرنگ میں سولہ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ان افراد پر شام کے صوبہ ادلب میں واقع جسر شغور نامی علاقے میں خربہ جوز دیہات کے قریب فائرنگ کی گئی۔
ہیومن رائٹس واچ کا کہنا ہے کہ شام کے بے گناہ پناہ گزینوں پر ترک فوجیوں کا یہ پہلا حملہ نہیں ہے بلکہ ان کے حملوں میں اب تک دسیوں افراد جاں بحق اور زخمی ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ شام میں پانچ برسوں سے جاری بدامنی کے باعث کئی ملین افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔