عراق: دہشت گردوں کے قبضے سے متعدد علاقے آزاد
عراق کی سیکورٹی فورسز نے صوبہ صلاح الدین کے وسیع علاقے دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لئے ہیں۔
النہرین ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق عراق کی وزارت دفاع کے ترجمان نصیر نوری نے کہا ہے کہ عراق کی سیکورٹی فورسز نے ایک خصوصی آپریشن کرکے صوبہ صلاح الدین کے شمال میں الشرقاط کے قریب واقع دسیوں دیہاتوں اور علاقوں کو دہشت گرد گروہ داعش کے عناصر سے آزاد کرا لیا ہے۔ اس آپریشن میں متعدد تکفیری دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔
نصیر نوری نے مزید کہا کہ عراق کی سیکورٹی فورسز الشرقاط شہر کے داخلی راستے کو آزاد کرانے اور تکفیریوں کی سپلائی لائن منقطع کرنے کے لئے تیار ہیں۔
عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی کے کمانڈر ناظم الاسدی نے بھی کہا ہے کہ الشرقاط کی آزادی فلوجہ شہر کی آزادی کی نسبت آسان ہوگی کیونکہ عوامی رضاکار فورس کے جوان اس کے قریبی علاقوں میں تعینات ہیں۔
ناظم الاسدی کا مزید کہنا تھا کہ عراق کی سیکورٹی فورسز فلوجہ کو آزاد کرانے کے بعد داعش کے زیر قبضہ عراق کے دوسرے شہروں کو بھی آزاد کرانے کی طاقت رکھتی ہیں اور موصل کے اردگرد کے علاقوں کی آزادی داعش کی سپلائی لائن کاٹے جانے کے اعتبار سے بہت زیادہ اہمیت کی حامل ہے۔