Jun ۲۱, ۲۰۱۶ ۱۷:۲۲ Asia/Tehran
  • ایرانی پارلیمنٹ کی جانب سے بحرینی حکومت کے ظالمانہ اقدام کی مذمت

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ نے بحرین کے بزرگ عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کردینے کے بحرینی حکومت کے اقدام کی مذمت کی ہے-

ایران کی پارلیمنٹ کے ارکان نے بحرین کے بزرگ عالم دین اور مذہبی رہنما آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی حمایت میں ایک بیان جاری کرکے اعلان کیا ہے کہ آل خلیفہ حکومت نے اقوام متحدہ کے انیس سو چھیاسٹھ کے دو میثاق یعنی قانونی اورشہری حقوق سے متعلق میثاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کی ہے -

اقوام متحدہ کے چارٹر یا میثاق نامے کے مطابق کوئی بھی ملک اپنے شہریوں کی شہریت منسوخ نہیں کرسکتا خواہ اس ملک کے شہریوں نے جرائم کا ہی ارتکاب کیوں نہ کیا ہو -

ایران کی پارلیمنٹ کے ارکان نے آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کئے جانے پر مبنی آل خلیفہ حکومت کے اقدام پرعالمی اداروں اور انسانی حقوق کی دعویدارحکومتوں کی خاموشی کی بھی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سوال کیا کہ اس خاموشی کا کیا مطلب نکالا جائے ؟

ایرانی پارلیمنٹ کے ارکان نے بحرینی حکومت کو خبردا رکرتے ہوئے کہا کہ کیا بحرینی حکام نے اس اقدام کے خطرناک نتائج کے بارے میں بھی کچھ سوچا ہے ؟

فروری دوہزار گیارہ میں بحرینی عوام کےانقلاب کی تحریک کے آغاز کے بعد سے آیت اللہ شیخ عیسی قاسم عملی طورپر بحرینی عوام کے انقلاب کے رہبربن گئے ہیں- ان کی تقریریں اور نمازجمعہ میں ان کے خطبے انقلاب بحرین میں اہم کردار ادا کر رہےہیں -

ٹیگس