طالبان کے ہاتھوں جنوبی افغانستان سے ساٹھ مسافروں کا اغوا
طالبان کے دہشت گردوں نے جنوبی افغانستان کے صوبے ہلمند میں کابل-قندھار ہائی وے پر بسوں اور گاڑیوں کو روک کر ساٹھ مسافروں کو اغوا کرلیا۔
صوبہ قندھار کے پولیس سربراہ محمد اسماعیل نے بتایا ہے کہ طالبان نے ان مسافروں کو صوبہ ہلمند کے ضلع گریشک کے علاقے مہاجر بازار سے اغوا کرنے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے- سیکیورٹی اداروں نے مغویوں کی بازیابی کیلئے سرچ آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔
ادھرطالبان کے ترجمان قاری یوسف احمدی نے اغوا کے اس واقعے کی ذمہ داری قبول کر تے ہوئے کہا ہے کہ صرف ستائیس افراد طالبان کی قید میں ہیں جبکہ باقی کو چھوڑ دیا گیا ہے۔
طالبان نے اس سے قبل مشرقی افغانستان کے صوبے غزنی سے پولیس اور فوجی اہلکاروں سمیت بارہ افراد کو اغوا کرنے کے بعد قتل کردیا تھا۔
گزشتہ مہینے بھی ایسے ہی ایک واقعے میں طالبان کے دہشت گردوں نے صوبہ قندوز میں مسافروں کو بسوں سے اتارنے کے بعد نو افراد کو موقع پر گولیاں مار دی تھیں۔
قابل ذکر ہے کہ ملا ہیبت اللہ آخوندزادہ کے طالبان کا سرغنہ بننے کے بعد سے افغانستان میں طالبان کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے۔