Jun ۲۹, ۲۰۱۶ ۱۵:۳۵ Asia/Tehran
  • عراق: فلوجہ کے جنوب میں داعش کی سیکڑوں گاڑیاں تباہ

عراقی صوبے الانبار کی پولیس نے اعلان کیا ہے کہ فلوجہ کے جنوب میں ایسی ساڑھے چار سو گاڑیوں کو تباہ کر دیا گیا جن میں دھماکہ خیز مواد اور بم نصب تھے۔

سومریہ نیوزایجنسی نے خبردی ہے کہ صوبہ الانبار کے پولیس سربراہ ہادی زریج نے بدھ کو اعلان کیا کہ عراقی فوج اور قبائلی لشکر نے فلوجہ کے جنوب میں واقع عامریہ شہر پر حملہ کرنے کی دہشت گردوں کی کوششوں کو ناکام بنا دیا- اس کارروائی کے دوران ساڑھے چار سو گاڑیوں کو جن میں دھماکہ خیز مواد یا بم نصب کئے گئے تھے، تباہ کر دیا-

دریں اثنا العہد نیوز ویب سائٹ نے بھی خبر دی ہے کہ عراق کی عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے صوبہ صلاح الدین میں تکفیری دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں الشرقاط کے قریب دو اہم علاقوں تلول الباج اورالدرعات کو داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا-

عراق کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ کے کمانڈرعبدالغنی الاسدی نے بھی کہا ہے کہ عراق کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ نے تلول الباج پر کنٹرول حاصل کر لینے کے بعد اس علاقے کو دہشت گردوں کے وجود سے پاک کرنے کی کارروائی شروع کر دی- ان کا کہنا تھا کہ عراقی افواج نے صوبہ نینوا میں الشرقاط جانے والی شاہراہ کو بھی دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا اور یہ افواج اب صلاح الدین میں القیارہ فوجی چھاؤنی کے قریب پہنچ گئی ہیں-

ٹیگس