Jul ۰۲, ۲۰۱۶ ۰۷:۳۸ Asia/Tehran
  • داعش نے بنگلہ دیش میں ریسٹورنٹ پر حملے کی ذمہ داری قبول کر لی

دہشت گرد گروہ داعش نے جمعہ کے روز بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کے سفارتی علاقے میں واقع ایک ریسٹورنٹ پر حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

فرانس کے چینل 24 نے داعش سے وابستہ اعماق نیوز ایجنسی کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ داعش کے افراد نے ڈھاکہ کے ایک ریسٹورنٹ پر حملہ کیا ہے کہ جسے غیرملکی چلاتے ہیں۔

داعش کے نو دہشت گرد جمعہ کی رات ڈھاکہ کے سفارتی علاقے میں واقع ہولی آرٹیسن بیکری کیفے میں داخل ہوئے اور فائرنگ شروع کر دی جس سے دو افراد ہلاک ہو گئے۔ دونوں افراد کا تعلق اٹلی سے بتایا جاتا ہے۔ حملہ آوروں نے متعدد افراد کو یرغمال بھی بنا لیا جنھیں چھڑانے کے لیے سیکورٹی فورسز کارروائی کر رہی ہیں۔

بعض خبروں کے مطابق اب تک دو پولیس اہلکاروں سمیت پانچ افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو چکے ہیں اور کئی یرغمالیوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے رہا کرا لیا گیا ہے۔

اس سے قبل بھی بنگلہ دیش میں دہشت گردانہ حملے ہوئے ہیں اور ہر بار اگرچہ داعش اور القاعدہ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی لیکن بنگلہ دیشی حکومت نے ملک میں ان دہشت گرد گروہوں کی موجودگی کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ حملے انتہا پسند گروہوں یا اس کے سیاسی مخالفین نے کیے ہیں۔

ٹیگس