Jul ۰۲, ۲۰۱۶ ۲۱:۲۸ Asia/Tehran
  • افغانستان میں جنگ جاری رکھنے پر طالبان سرغنہ کی تاکید

افغانستان کے طالبان کے سرغنہ ملا ہیبت اللہ اخونزادہ نے کہا ہے کہ غیر ملکی فوجیوں کے مکمل انخلا تک افغانستان میں جنگ جاری رہے گی۔

ملا ہیبت اللہ نے امریکا اور اس کے اتحادیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور غیر ملکی فوجی اپنے اختیارات اور تعداد میں اضافہ کر کے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔

طالبان کے سرغنہ نے کہا کہ طاقت کے بے جا استعمال کے بجائے حقائق کو تسلیم کرو اور ہمارے ملک پر قبضہ ختم کرو۔

ملا ہیبت اللہ نے مزید کہا کہ غیر ملکی فوجیوں کو جنگ جاری رکھنے کے بجائے افغانستان سے نکل جانا چاہئے اور طاقت کے استعمال کے بجائے دانشمندانہ پالیسیاں اپنانا چاہئے۔

واضح رہے کہ پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں امریکی ڈرون حملے کے نتیجے میں ملا اختر منصور کی ہلاکت کے بعد مئی میں ہیبت اللہ اخونزادہ کو افغان طالبان کا نیا امیر مقرر کیا گیا تھا۔

ہیبت اللہ کا یہ بیان کابل میں پولیس پر حملے کے دو روز بعد سامنے آیا ہے جس میں بتیس پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔

ٹیگس