شمالی شام کے رہائشی علاقوں پر دہشت گردوں کے حملے
شام کے شمال اور شمال مغرب میں رہائشی علاقوں پر دہشت گردوں کے راکٹ اور مارٹر حملوں میں کئی عام شہری جاں بحق اور زخمی ہو گئے ہیں۔
شام کی سرکاری نیوز ایجنسی سانا کی رپورٹ کے مطابق ہفتے کی رات ہونے والے ان حملوں میں دہشت گردوں نے حلب شہر کے الخالدیہ اور السلیمانیہ علاقوں کو نشانہ بنایا جس میں کئی گھروں اور شہری تنصیبات کو نقصان پہنچا۔
اس حملے میں سلیمانیہ کے علاقے میں دیمتریوس کلیسا کے بعض حصوں میں آگ لگ گئی۔
دوسری جانب حلب کے علاقے نیل اور دمشق کے شمال مشرقی نواحی علاقے القطیفہ پر دہشت گردوں کے مارٹر حملے میں ایک بچے سمیت پانچ افراد زخمی ہو گئے۔
ادلب کے شمال میں کفریا قصبے پر دہشت گردوں کے حملے میں بھی دو افراد جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے۔
واضح رہے کہ میدان جنگ میں دہشت گردوں کی پے در پے شکستوں کے بعد شام کے رہائشی علاقوں پر دہشت گردانہ حملوں اور عام شہریوں کی ہلاکتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ادلب کے شمال میں دس کلومیٹر کے فاصلے پر واقع دو قصبوں فوعہ اور کفریا کا دہشت گردوں نے مکمل محاصرہ کر رکھا ہے اور وہ روزانہ ان پر مارٹر گولوں سے حملے کرتے ہیں۔