Jul ۰۴, ۲۰۱۶ ۲۱:۰۲ Asia/Tehran
  • افغان فوج نے حقانی نیٹ ورک کے درجنوں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا

افغانستان کی فوج نے صوبہ خوست میں جاری کارروائی کے دوران طالبان کے حقانی نیٹ ورک کے درجنوں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

کابل میں افغان فوج کی جنوب مشرقی کمانڈ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبہ خوست کے شہر موسی خیل میں جاری جھڑپوں کے دوران حقانی نیٹ ورک کے کم سے کم سڑسٹھ دہشت گرد مارے گئے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں بیس غیر ملکی بھی شامل ہیں تاہم ان کی شہریت کی جانب کوئی اشارہ نہیں کیا گیا۔ افغان فوج کے جاری کردہ بیان کے مطابق ان جھڑپوں میں کم سے کم بیس سے زیادہ دہشت گرد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

یہ جھڑپیں اس وقت شروع ہوئیں جب حقانی نیٹ ورک کے دہشت گردوں نے موسی خیل پر حملہ کر کے اس پر قبضہ کرنے کی کوشش کی۔

قابل ذکر ہے کہ حقانی نیٹ ورک، افغان طالبان کا ایک اہم دھڑا ہے جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ اس کے اڈے پاکستان میں قائم ہیں۔ تاہم پاکستانی حکام اس کی سختی کے ساتھ تردید کرتے ہیں۔

امریکہ اور افغانستان متعدد بار حکومت پاکستان سے حقانی نیٹ ورک کے خلاف موثر کارروائی کا مطالبہ کر چکے ہیں۔

ٹیگس