Jul ۲۰, ۲۰۱۶ ۲۰:۲۸ Asia/Tehran
  • بحرین مزید دو مذہبی رہنما گرفتار

بحرین کی شاہی حکومت نے ملک میں جاری جمہوری تحریک کو دبانے کے لیے مزید دو مذہبی رہنماؤں کو گرفتار کر لیا ہے۔

خبروں کے مطابق شاہی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے بدھ کے روز دارالحکومت منامہ کے مغربی علاقے الدراز ٹاؤن سے معروف عالم دین سعید العصفور اور نامور خطیب عبدالجبار الدرازی کو گرفتار کیا ہے۔

یہ گرفتاریاں ایسے وقت میں عمل میں آئی ہیں جب بحرین کی شاہی حکومت کے مخاصمانہ اقدامات کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ چند روز قبل بحرین کی شاہی حکومت نے الدراز کے امام جمعہ محمد الصنقور کو حکومت پر تنقید کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا تھا۔

منامہ کا الدراز ٹاؤن پچھلے کئی ہفتوں سے شاہی حکومت کے خلاف احتجاج کا مرکز بنا ہوا ہے اور ہزاروں بحرینی شہری شیعیان بحرین کے قائد آیت اللہ عیسی قاسم کی حمایت میں ان کے گھر کے باہر دھرنا دیئے بیٹھے ہیں۔

بحرین کی شاہی حکومت نے بیس جون کو ایک حکم کے ذریعے آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کر دی تھی جس کے بعد سے بحرین میں جاری عوامی تحریک میں ایک بار پھر شدت پیدا ہوگئی ہے۔

بحرین میں فروری دو ہزار گیارہ سے شاہی خاندان کے خلاف عوام کے پرامن مظاہرے جاری ہیں۔ اس ملک کے عوام سعودی عرب کی حمایت یافتہ خاندانی آمریت کے بجائے مکمل جمہوری حکومت کے قیام کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

بحرین کی شاہی حکومت سعودی فوجیوں کے ساتھ مل کر عوام کی پرامن جمہوری تحریک کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے جس کے دوران ڈیڑھ سو بحرینی شہری شہید اور ہزاروں زخمی ہوئے ہیں۔

 

ٹیگس