شامی عوام کو حج سے محروم کرنے کا ذمہ دار ریاض ہے : دمشق
شام کی حج کمیٹی نے کہا ہے کہ اس ملک کے عوام کو مسلسل پانچ برسوں سے حج کی سعادت سے محروم رکھنے کا ذمہ دار سعودی عرب ہے
شام کی سرکاری خبررساں ایجنسی سانا کی رپورٹ کے مطابق شام کی حج کمیٹی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حرمین شریفین کے امور انجام دینے والوں پر واجب تھا کہ وہ بیت اللہ کے حاجیوں کو خدمات فراہم کرتے-
شام کی حج کمیٹی کے بیان میں آیا ہے کہ سعودی حکام پر تمام مسلمانوں کا یہ حق ہے کہ وہ مناسک حج کی ادائیگی کو آسان بنانے اورحفاظت و نگرانی کے لئے تمام ضروری تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی طرح کی وابستگی ، جھکاؤ اور نظریئے کو مدنظر رکھے بغیر حاجیوں کی سہولت کے راستے ہموار کریں -
اس کمیٹی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ سعودی عرب کی وزارت حج ، شام کی وزارت اوقاف کے ساتھ حج سے متعلق معاہدوں پر دستخط نہیں کررہی ہے اور یہ اس سلسلے میں موجود اس منشور کی خلاف ورزی ہے کہ جس کے مطابق سعودی عرب کو ہر سال تمام اسلامی ممالک کے ساتھ دستخط کرنا ہے -
شام کی حج کمیٹی نے اپنے بیان میں تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ سعودی عرب نے اپنے اس اقدام سے شام کے سلسلے میں تمام دینی و اخلاقی اصولوں کو بالائے طاق رکھ دیا ہے اور شام کے عوام کو فریضہ حج ادا کرنے کا موقع نہیں دے رہا ہے-