اقوم متحدہ امریکہ کی کٹھ پتلی ہے: بشار اسد
شام کے صدر بشار اسد نے اقوام متحدہ کو امریکہ کی کٹھ پتلی قرار دیا ہے۔
کیوبا کی خبر رساں ایجنسی پرنسا لاتینا کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر بشار اسد نے کہا کہ اقوام متحدہ امریکہ کی کٹھ پتلی ہے اور وہ اپنی مرضی کے مطابق اسے نچا رہا ہے۔
شام کے صدر نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں شامی فوج کے ساتھ روس کی شمولیت کے بعد جنگ کا توازن امریکہ اور دہشت گردوں کے خلاف ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ شامی فوج کی اولین ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شام صرف دہشت گردی کے خلاف جنگ نہیں کر رہا ہے بلکہ اسے بیک وقت اقتصادی اور سیاسی جنگ کا بھی سامنا ہے۔
صدر بشار اسد نے کہا کہ امریکہ شام کے حصے بخرے کرنا چاہتا ہے اور اپنے مفادات کی خاطر کسی بھی گروہ کو استعمال کرنے سے گریزاں نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت سو ملکوں کے دہشت گرد شام کے خلاف جنگ میں شریک ہیں اور انہیں امریکہ اور اس کے علاقائی اتحادیوں کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔
صدر بشار اسد نے کہا کہ سعودی عرب، قطر اور ترکی جیسے ممالک امریکہ، فرانس اور بعض دیگر مغربی ملکوں کی نگرانی میں دہشت گردوں کی مالی، فوجی اورلاجسٹک مدد کر رہے ہیں۔