کابل دھماکوں کی ذمہ داری داعش نے قبول کرلی
تکفیری دہشت گرد گروہ داعش نے کابل میں ہفتے کے روز ہونے والے دھماکوں کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔
افغان میڈیا کے مطابق کابل کے دھمزنگ نامی علاقے میں ہفتے کی دوپہر ایک مظاہرے کے دوران ہونے والے دھماکوں میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق ساٹھ سے زائد افراد جاں بحق اور دوسو سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں بعض پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ بہت سے زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جس کے پیش نظر مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ بھی ہوسکتا ہے۔
.عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کم سے کم تین حملہ آوروں نے مظاہرین کے درمیان گھسنے کی کوشش کی جن میں سے ایک کو پولیس نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا جبکہ دو نے مظاہرین کے درمیان خود کو دھماکوں سے اڑا لیا۔
افغان پولیس کے مطابق دھماکے خود کش ہیں اور حملہ آوروں نے اپنے آپ کو چھپانے کیلئے برقعے پہن رکھے تھے۔ دہشت گرد گروہ داعش نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے جبکہ طالبان نے حملے سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔
افغانستان کے صدر اشرف غنی اور چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ نے کابل دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔