Jul ۲۴, ۲۰۱۶ ۱۱:۴۳ Asia/Tehran
  • حیدر العبادی نے موصل کی آزادی کے آپریشن میں رضاکار فورس کی شرکت کی منظوری دے دی

عراق کے وزیراعظم اور مسلح افواج کے کمانڈر انچیف حیدر العبادی نے موصل کی آزادی کے آپریشن میں رضاکار فورس حشد الشعبی کی شرکت کی منظوری دے دی ہے۔

عراق کی المسلہ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق عراق کی عوامی رضاکار فورس کے ایک کمانڈر یوسف الکلابی نے ہفتے کے روز اعلان کیا کہ عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی نے صوبہ نینوا کے مرکز موصل کی آزادی کے آپریشن میں رضاکار فورس کی شرکت کی منظوری دے دی ہے۔

انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ رضاکار فورس ایک عوامی گروہ ہے کہ جو مسلح افواج کے کمانڈرانچیف حیدرالعبادی کے ماتحت کام کرتا ہے۔

یوسف الکلابی نے مزید کہا کہ عراق کی فوج اور سیکورٹی فورس خود کو الشرقاط اور مصول کی آزادی کے بڑے آپریشن کے لیے تیار کر رہی ہیں اور رضاکار فورس حشد الشعبی کو دہشت گرد گروہ داعش کے ساتھ لڑائی کا اچھا تجربہ ہے۔

دوسری جانب العالم نے رپورٹ دی ہے کہ عراقی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ دیالی کے شمال میں عراقی فورسز کی کارروائی میں داعش کا ایک اہم سرغنہ ہاشم نصیف جاسم الحیالی ہلاک اور اس کے کئی ساتھی زخمی ہو گئے ہیں۔

عراقی فوج نے ایک ماہ سے زائد عرصے سے عراق کے شمال میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن شروع کر رکھا ہے جس کے دوران اس نے دسیوں دیہاتوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔

ٹیگس