پاکستان: خیبر پختونخوا میں سیکورٹی فورسز کی کاررائی، 22 دہشت گرد ہلاک، فورسز کو صدر اور وزیر اعظم کا خراج تحسین
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر حملہ کر کے 22 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
سحرنیوز/پاکستان: اطلاعات کے مطابق پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ایک بیان جاری کرکے بتایا ہے کہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں انٹیلی جنس بنیاد پر کیے گئے آپریشن (آئی بی او) میں 22 دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق سیکورٹی فورسز نے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر یہ کارروائی انجام دی۔ بیان میں کہا گیا کہ آپریشن کے دوران فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر مؤثر حملہ کیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 22 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ علاقے میں موجود کسی بھی دیگر دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف مہم پوری شدت کے ساتھ جاری رہے گی تاکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کا خاتمہ کیا جا سکے۔
دریں اثنا صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اس کامیاب کارروائی پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشت گردی کا قلع قمع ریاست کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اس سلسلے میں اپنے بیان میں کہا ہے کہ 22 دہشت گردوں کو ہلاک کرکے سیکورٹی فورسز نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج کے ساتھ کھڑی ہے، ہم ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok