یمن کے عوام جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے پرعزم ہیں: سربراہ تحریک انصاراللہ
یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے سربراہ نے کہا ہے کہ امریکا نے اسرائیل کو خوش کرنے کے لئے یمن پرجنگ مسلط کرائی ہے لیکن یمن کے عوام اس جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔
یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے سربراہ عبدالملک الحوثی نے صنعا میں ایک بڑے اجتماع سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے صیہونی حکومت کو خوش کرنے کے لئے یمن پر جنگ مسلط کرائی لیکن یمن کےعوام ہرگز گھٹنے نہیں ٹیکیں گے۔
انہوں نے یمن سے متعلق کویت امن مذاکرات کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ ہمارے وفد نے مذاکرات کو کامیاب بنانے کی ہرممکن کوشش کی لیکن فریق مقابل ہم سے گھٹنے ٹیک دینے کا مطالبہ کررہا تھا کہ جو ہمارے لئے ناممکن تھا -
عبدالملک الحوثی نے کہا کہ عالم اسلام اورعلاقے کےعرب ممالک امریکی پالیسیوں اور منصوبوں کے مقابلے میں مخمصے اور خوف کا شکارہیں اور گیارہ ستمبر کے واقعات علاقے کے خلاف امریکا کی سازشوں کی ہی ایک کڑی تھی -
انہوں نےزوردے کر کہا کہ عالم اسلام کے حالیہ بحرانوں اور فتنوں کی جڑیں امریکا اور اس کے اتحادیوں کی خفیہ اورآشکارہ سازشوں میں پیوست ہیں - انہوں نے واضح طورپر کہا کہ علاقے کے ممالک اور ان میں خاص طور پرسعودی عرب خطے میں امریکی پالیسیوں کو عملی جامہ پہنانے میں سب سے آگے ہے-
عبدالملک الحوثی نے کہا کہ امریکا علاقے کے ملکوں کے قیمتی ذخائر پر قبضہ کرنا چاہتاہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تاریخ نے ثابت کردیا ہے کہ امریکا اوراسرائیل نے ہمیشہ عالم اسلام پرجنگ مسلط کرنے کی کوشش کی ہے اورعالم اسلام کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کیا ہے -
انہوں نے امت اسلامیہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس بے شمار وسائل و ذرائع اور بے پناہ توانائیاں موجود ہیں اور انہیں دشمنوں کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکنے چاہئیں۔