Aug ۲۳, ۲۰۱۶ ۱۲:۱۴ Asia/Tehran
  • تحریک حماس کے ترجمان، مشیر المصری
    تحریک حماس کے ترجمان، مشیر المصری

فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے غزہ میں جنگ بندی پر عملدرآمد نہ کرنے کے بارے میں صیہونی حکومت کو انتباہ دیا ہے۔

تحریک حماس کے ترجمان مشیر المصری نے پیر کے دن غزہ میں العالم ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ غزہ پر اسرائیل کے تازہ فضائی حملوں سے ایک بار پھر ثابت ہو گیا ہے کہ یہ غاصب حکومت جنگ بندی کی پابندی نہیں کرتی ہے۔

مشیر المصری نے مزید کہا کہ فلسطینی استقامت اسرائیل کو حملے جاری رکھنے کے بارے میں خبردار کرتی ہے کہ اس کے ہر حملے کے خلاف جوابی کارروائی کی جائے گی۔

صیہونی حکام اس بات کے مدعی ہیں کہ صیہونی حکومت غزہ پٹی پر دوبارہ حملہ کرنے کے درپے نہیں ہے لیکن اس حکومت کے لڑاکا طیارے غزہ پٹی میں واقع مختلف رہائشی علاقوں اور فوجی مراکز پر بمباری کرتے رہتے ہیں۔

فلسطین کے جہادی گروہوں نے کہا ہے کہ وہ صیہونی حکومت کی جانب سے جنگ بندی کی پابندی نہ کئے جانے اور غزہ پٹی کو نشانہ بنائے جانے کے مسئلے پر خاموش نہیں بیٹھیں گے اور جوابی کارروائی کریں گے۔

فلسطینی استقامت اور صیہونی حکومت نے اگست سنہ دو ہزار چودہ کو پچاس روزہ حملوں کے بعد مصر کی نگرانی میں جنگ بندی کے معاہدے  پر دستخط کئے تھے۔   

 

ٹیگس