دوہزار تیس تک سعودی عرب حج سے کمائے گا سینتالیس ارب ریال
سعودی عرب کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ دوہزار تیس تک سعودی عرب میں حج سے ہونے والی آمدنی سینتالیس ارب ریال تک پہنچ جائے گی۔
روئیٹرز کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ اقتصادی منصوبوں کی بنیاد پر دوہزارتیس تک سعودی عرب کی حج سے ہونے والی آمدنی سینتالیس ارب ریال ہوجائے گی- اس رپورٹ کے مطابق حج اور عمرہ کی قومی کمیٹی اور مکہ کے ایوان تجارت کے رکن مروان عباس شابان کا کہنا ہے کہ اس ملک کی اقتصادی سرگرمیوں کے اعداد و شمارمیں اضافہ یا کمی حاجیوں کی تعداد پر منحصر ہیں-
سعودی عرب میں اس سال حاجیوں کی تعداد میں بڑے پیمانے پرکمی آئی ہے جس کے باعث اقتصادی سرگرمیاں کمزور رہی ہیں- شابان نے اس مسئلے کو علاقے کے کچھ ملکوں میں جاری اقتصادی و سیاسی صورت حال سے جوڑا ہے ان کا کہنا تھا کہ آئندہ تین برسوں تک حج سے حاصل ہونے والی آمدنی کم رہے گی - انھوں نے دعوی کیا کہ کچھ منصوبوں کے پورا ہونے سے آئندہ کچھ برسوں میں حج سے حاصل ہونے والی آمدنی میں اضافہ ہوگا- ان کا کہنا تھا کہ ان منصوبوں کے پورا ہونے سے سعودی عرب دوہزاربیس تک تین اعشاریہ سات ملین اور دوہزارچوبیس میں چھے اعشاریہ سات ملین حاجیوں کو خدمات فراہم کرے گا-