May ۱۰, ۲۰۲۴ ۱۱:۲۰ Asia/Tehran
  • لاہور ایئرپورٹ پر آتشزدگی سے 19 پروازیں منسوخ، وزیر داخلہ کا نوٹس

لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جمعرات کی صبح لگنے والی آگ تو بجھا لی گئی تاہم امیگریشن کاؤنٹر بری طرح متاثر ہونے کی وجہ سے فلائٹس آپریشنز مکمل طور بحال نہیں ہو سکے۔

سحرنیوز/ پاکستان: موصولہ خبروں کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ حکام کے مطابق ججاج کے لئے بنائے گئے خصوصی امیگریشن کاؤنٹرز کے اوپر سیلنگ میں بظاہرشارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگ گی-

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جمعرات کو صبح پانچ بجے کے قریب امیگریشن کاؤنٹر پر آگ لگي تھی جس سے ایئرپورٹ کا مرکزی حال دھوئیں سے بھرگيا تھا- ایئرپورٹ کا اندرونی حصہ لوگوں سے خالی کروا لیا گيا تھا-

کئی گھنٹے تک لاہور ایئر پورٹ پر نہ تو پروازوں کو لینڈ کرنے کی اجازت ملی اور نہ ہی کوئی پرواز روانہ ہو سکی۔ البتہ حج فلائٹس کے لیے جانے والے افراد کی امیگریشن ڈومیسٹک کاؤنٹر سے عارضی طور پر کروائی گئی۔ حجاج کرام کے علاوہ بیرون ملک جانے والی تمام فلائٹس کو منسوخ کر دیا گیا۔
خیال رہے کہ لاہور سے حج آپریشن کا آغاز جمعرات کی صبح ہی ہونا تھا۔
عارضی بندوبست سے صرف حج آپریشنز کو بحال کیا گیا جس میں پی آئی اے کی پی کے 717 جو آٹھ بجے روانہ ہونا تھی وہ ساڑھے دس بجے روانہ ہوئی۔ اسی طرح ایئر سیال کی ایک پرواز لاہور سے مدینہ کے لیے تاخیر سے روانہ ہوئی۔
پہلی حج پرواز سے 329 عازمین روانہ ہوئے۔ عازمین حج کو پی آئی اے کے چیف پروجیکٹ آفیسر خرم مشتاق نے رخصت کیا۔ آگ لگنے سے پہلے لاہور ایئر پورٹ پر عازمین حج کو رخصت کرنے کے لیے ایک پروقار تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ 
یاد رہے کہ پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن 8 جون تک جاری رہے گا جبکہ بعد از حج آپریشن کا آغاز 17 جون سے ہو گا۔
دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لاہور ایئر پورٹ پر آتشزدگی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے اور بلا تاخیر تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ وزیر داخلہ نے بیان میں کہا کہ مسافروں کی سہولت کے لیے امیگریشن کاؤنٹر کو جلد فنکشنل کیا جائے گا۔

 

ٹیگس