افغانستان: پکتیا میں طالبان اور حقانی نیٹ ورک کو سنگین شکست
-
افغان فوج کا کہنا ہے کہ اس آپریشن نے رواں سال کے دوران دشمن پر کاری ضرب لگائی ہے اور جانی خیل کا علاقہ ان کے قبرستان میں تبدیل ہوگیا ہے۔
افغانستان کی فوج نے کہا ہے کہ صوبہ پکتیا میں جانی خیل شہر پر قبضے کے لیے طالبان گروہ اور حقانی نیٹ ورک کی مشترکہ کوششیں ناکام ہو گئی ہیں۔
آوا کی رپورٹ کے مطابق جنوب مشرقی افغانستان میں فوج کی کمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ افغان فوج نے ایک وسیع آپریشن کر کے جانی خیل کو دہشت گردوں کے وجود سے مکمل طور پر پاک کر دیا ہے۔
اس بیان میں کہا گیا ہے کہ اس آپریشن کے دوران طالبان گروہ اور حقانی نیٹ ورک کے تین سو افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو گئے جبکہ متعدد افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
افغان فوج کا کہنا ہے کہ اس آپریشن نے رواں سال کے دوران دشمن پر کاری ضرب لگائی ہے اور جانی خیل کا علاقہ ان کے قبرستان میں تبدیل ہو گیا ہے۔
افغان حکام کا کہنا ہے کہ دشمن علاقے کے سیکورٹی اور خفیہ اداروں کی مدد سے حقانی نیٹ ورک کے مرکز کو پاکستان سے خوست اور پکتیا منتقل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔