ایران اور پوری دنیا میں جشن عید غدیر
اسلامی جمہوریہ ایران سمیت پوری دنیا میں جشن عید غدیر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس مناسبت سے مشہد مقدس، قم اور دارالحکومت تہران سمیت ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں اور قریوں میں جشن اور قصیدہ خوانی کی محفلوں کا سلسلہ جاری ہے۔
ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں سے ہمارے نمائندوں نے خبردی ہے کہ پورا ملک سراپا جشن و سرور ہے اور ہر طرف قصیدہ خوانی کی محفلیں اور جشن کے اجتماعات کا سلسلہ جاری ہے - جگہ جگہ لوگ ایک دوسرے کو میٹھائیاں تقسیم کر کے عید غدیرکی جو عید اکمال دین و اتمام نعمت ہے مبارکباد پیش کررہے ہیں - اس سلسلے کے مرکزی اجتماعات مشہد مقدس میں فرزند رسول حضرت امام رضا علیہ السلام کے حرم مطہر اور قم میں جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے حرم مطہر میں جاری ہیں جہاں لاکھوں کی تعداد میں عاشقان ولایت عید ولایت کا جشن منارہے ہیں - عید غدیر اور عید مباہلہ کی مناسبت سے پورے ایران میں عشرہ ولایت کی تقریبات دو روز قبل سے ہی باقاعدہ شروع ہوچکی تھیں - جو پورے مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ جاری ہیں - پاکستان اور ہندوستان سے بھی خبر ہے کہ ہر طرف جشن ومحفلوں اور سیمیناروں کا اہتمام کیا گیا ہے - پاکستان سے ہمارے نمائندوں نے خبردی ہے کہ اسلام آباد، کراچی اور دیگر سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں عید غدیر کی مناسبت سے محافل قصیدہ خوانی اور سیمیناروں کا اہتمام کیا گیا جن میں شیعہ مسلمانوں کے ساتھ ساتھ اہل سنت مسلمانوں اور علما نے بھی شرکت کی - ہندوستان کے بھی سبھی علاقوں سے عید غدیر کے جشن اور محفلوں کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں اس سلسلے میں ممبئی، لکھنو ، حیدرآباد اور دہلی جیسے بڑے شہروں اور کرگل کےعلاقوں میں ملکی پیمانے پر محفلوں اور قومی جشن کا اہتمام کیا گیا ہے جن میں مقررین تاریخ اسلام کے عظیم واقعے یعنی اعلان ولایت امیرالمومنین علی ابن طالب علیہ السلام کے فلسفے پر روشنی ڈال رہے ہیں- عراق اور شام سے بھی ہمارے نمائندوں نے خبردی ہے کہ عید غدیر کا جشن بہت ہی عقیدت کے ساتھ منایا جارہا ہے - نجف اشرف میں مولائے کائنات حضرت علی علیہ السلام کا حرم مطہر اس وقت عراق اور دنیا کے دیگر ملکوں کے لاکھوں زائرین سے چھلک رہا ہے - غدیر کا جشن بہت ہی دھوم سے منایا جارہاہے اس موقع پر عراقی سیکورٹی فورس نے حفاظت کے انتہائی غیر معمولی اقدامات کئے ہیں - شام میں جناب زینب سلام اللہ علیھا کے حرم مطہرے میں بھی عید غدیر کا جشن منایا گیا جس میں زائرین اور خدام کی بڑی تعداد نے شرکت کی - غدیر خم مکہ اور مدینہ کے درمیان ایک علاقے کا نام ہے کہ جہاں پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حجۃ الوداع سے واپسی پر حضرت علی علیہ السلام کو اپنے بعد ولی اور خلیفہ مقرر کیا تھا۔پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حجۃ الوداع سے واپسی پر حج میں شریک تمام مسلمانوں کو غدیر خم کے علاقے میں جمع کیا اور وہاں ہزاروں حاجیوں کے مجمع میں حضرت علی علیہ السلام کو خداوند متعال کے حکم سے اپنا وصی، ولی، جانشین اور برادر قرار دیا۔آپ نے غدیر خم کے اہم خطبے میں فرمایا کہ "من کنت مولاہ فھذا علی مولاہ"۔ جس کا میں مولا ہوں میرے بعد علی اس کے مولا ہیں۔غید غدیر کو اسلامی روایات میں عیدالاکبر یا سب سے بڑی عید قرار دیا گیا ہے، لہذا اسے تمام ادیان الھی کی سب سے بڑی عید کہا جا سکتا ہے۔ اس لیے کہ اللہ کے تمام انبیاء اور رسولوں کی زحمتیں اور کوششیں اس دن بارآور ثابت ہوئیں۔