Oct ۱۴, ۲۰۱۶ ۰۸:۵۵ Asia/Tehran
  • امریکہ یمن کے علاقے حدیدہ پر حملہ کرنے کے لیے بہانہ تلاش کر رہا ہے: عبدالملک حوثی

تحریک انصار اللہ یمن کے رہنما نے امریکہ کے اس دعوے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ یمن کی سمندری حدود میں اس کے بحری جنگی جہاز پر حملہ کیا گیا ہے، کہا کہ امریکہ ان دعووں کے ذریعے یمن کے ساحلی شہر الحدیدہ پر حملہ کرنا چاہتا ہے۔

یمن کی سرکاری نیوز ایجنسی سبا کی رپورٹ کے مطابق عبدالملک الحوثی نے جمعرات کے روز چودہ اکتوبر انیس سو ترسٹھ کو برطانوی استعمار کے خلاف یمن کے انقلاب کے سالگرہ کی مناسبت سے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکہ ساحلی شہر الحدیدہ پر حملہ کرنے کے لیے بہانہ تلاش کر رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ یمن کے بحری مراکز کو نشانہ بنانے کا امریکی اقدام ایسی جارحیت ہے کہ جس کا مقصد ساحلی شہر حدیدہ پر حملہ کرنے کا راستہ ہموار کرنا ہے تاکہ ملت یمن کو مزید مصائب و مشکلات کا شکار کر سکے۔

عبدالملک الحوثی نے یمنی فوجیوں کی دلیری اور بہادری کی  تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ملت یمن اپنے ملک، اپنی عزت و آبرو اور آزادی و خودمختاری کے دفاع کے سلسلے میں اپنی ذمہ داری پر عمل کرے گی اور وہ ہر قسم کی وحشیانہ جارحیت کے مقابلے میں ہر قسم کے جائز وسائل استعمال کرنے سے دریغ نہیں کرے گی۔

واضح رہے کہ امریکی فوج نے جمعرات کو یمن کی عوامی فورس کے کے زیرکنٹرول علاقوں میں تین راڈار سائٹوں پر کروز میزائلوں سے حملہ کیا تھا۔

ٹیگس