افغانستان: صوبے فاریاب پر طالبان کا ناکام حملہ
شمالی افغانستان میں واقع صوبے فاریاب پر طالبان کا حملہ پسپا کر دیا گیا۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق افغان ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ طالبان نے پیر کی رات صوبے فاریاب کے صدر مقام میمنہ کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا جس میں اس گروہ کو سخت ہزیمت اٹھانا پڑی اور طالبان پیچھے ہٹنے پر مجبور ہو گئے۔
صوبے فاریاب کی سیکورٹی کمان کے پریس دفتر نے اعلان کیا ہے کہ میمنہ، قیصار اور شیرین تگاب پر طالبان نے حملہ کیا جسے افغان سیکورٹی فورس نے ناکام بنا دیا اور سخت کارروائی کرتے ہوئے طالبان کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا۔ اس کارروائی میں طالبان گروہ کے گیارہ افراد ہلاک اور سولہ دیگر زخمی ہوئے۔
دوسری جانب طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ طالبان نے میمنہ اور قیصار پر حملہ کیا ہے تاہم اس ترجمان نے طالبان کے حملوں کی ناکامی کے بارے میں کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔
ایک اور خبر یہ ہے کہ افغانستان کے اول نائب صدر جنرل عبدالرشید دوستم نے پیر کی رات کہا تھا کہ غورماچ کے اصل مرکز پر طالبان کا قبضہ ہے البتہ اس کے اطراف کے علاقوں سے طالبان کا صفایا کر دیا گیا اور آئندہ چند روز میں دیگر علاقوں سے بھی طالبان کا صفایا کر دیا جائے گا۔