دہشت گردی کے مقابلے میں اسلامی ملکوں کے اتحاد کی ضرورت پر تاکید
Oct ۱۹, ۲۰۱۶ ۰۸:۴۱ Asia/Tehran
ازبکستان کے عبوری صدر نے انتہا پسندی اور دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لئے اسلامی ملکوں کے اتحاد کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق تاشقند میں منگل کے روز اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے تینتالیسویں اجلاس سے اپنے خطاب میں ازبکستان کے عبوری صدر شوکت مرزا یف نے کہا کہ موجودہ حساس صورت حال میں انتہا پسندی اور دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لئے اسلامی ملکوں کے اتحاد کا تحفظ کئے جانے کی ضرورت ہے۔
انھوں نے اسلامی ملکوں کے درمیان تعاون کی سطح بڑھائے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کو کسی بھی خوف و ہراس کے بغیر پرسکون رہنا چاہئے۔ ازبکستان کے عبوری صدر نے دین اسلام کو امن کا منادی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی دنیا میں کہ جہاں ہر طرف بحران و بدامنی ہے، مسلمانوں کو چاہئے کہ اغیار کے ہاتھوں کا کھلونا نہ بنیں۔