عراق: موصل آپریشن کا گیارہواں روز
عراقی فوج نے کرد پیشمرگہ فورس اورعوامی رضاکار فورس کی مدد سے موصل آپریشن کے آغاز سے لے کر اب تک ترانوے دیہاتوں اورعلاقوں کو داعش کے قبضے سے آزاد کرایا ہے۔
روسیا الیوم ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عراقی وزارت دفاع نے جمعرات کے روز اعلان کیا کہ عراق کی مشترکہ فورسز نے موصل آپریشن کے دوران داعش کو بھاری جانی نقصان پہنچایا ہے اور سات سو بہتر(772) دہشت گردوں کو ہلاک کیا ہے۔
عراقی فورسز نے اسی طرح صوبہ نینوا میں داعش کے دہشت گردوں کی تین سرنگوں اور چالیس فوجی مقامات کا پتہ لگا کر انھیں تباہ کر دیا۔
عراق کی فیڈرل پولیس نے اسی طرح ڈیڑھ ٹن امونیم نائٹریٹ کہ جسے داعش کے دہشت گرد بم بنانے کے لیے استعمال کرتے تھے، اکسٹھ کاتیوشا راکٹ اور اکتیس میزائل لانچنگ بھی تباہ کر دیے ہیں۔
واضح رہے کہ موصل کی آزادی کے لیے آپریشن سترہ اکتوبر سے عراقی وزیراعظم حیدر العبادی کے حکم سے شروع ہوا ہے جس میں عراقی فورسز کو اہم کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں اور وہ موصل شہر کے قریب پہنچ چکی ہیں۔