Oct ۲۹, ۲۰۱۶ ۰۹:۲۱ Asia/Tehran
  • عبدالسلام نے کہا کہ یمنی قوم کے مسلمان اور عرب ہونے کے لئے کسی ثبوت کی ضرورت نہیں ہے۔
    عبدالسلام نے کہا کہ یمنی قوم کے مسلمان اور عرب ہونے کے لئے کسی ثبوت کی ضرورت نہیں ہے۔

یمن کی تحریک انصاراللہ کے ترجمان نے یمنی فوجیوں کے ہاتھوں مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کے سعودیوں کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام، محض عالم اسلام کے جذبات کو مشتعل کرنے کی کوشش ہے-

یمن کے المسیرہ ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق یمن کی تحریک انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ جارح سعودی اتحاد کی افترا پردازیوں اور بے بنیاد دعووں  پر کان نہ دھریں اور ان کے دعووں کو نظر انداز کردیں اور اس کی بنیاد پر کوئی فیصلہ نہ کریں-

عبدالسلام نے کہا کہ یمنی قوم کے مسلمان اور عرب ہونے کے لئے کسی ثبوت کی ضرورت نہیں ہے اور اس قوم کو باوجودیکہ سعودی عرب کے جاری وحشیانہ  حملوں میں بہت زیادہ جانی اور مالی نقصانات پہنچے ہیں تاہم اس نے اب تک کسی بھی سویلین آبادی یا عام مقامات اور تنصیبات کو نشانہ نہیں بنایا ہے تو پھر یہ قوم مقدس مقامات کو کیسے نشانہ بنا سکتی ہے-

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان  بہرام قاسمی نے بھی متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ کے اس دعوے کے جواب میں کہ یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے مکہ مکرمہ کی جانب میزائل فائر کیا ہے کہاکہ متحدہ عرب امارات کے وزیرخارجہ کا یہ دعوی سرے سے غلط اور بے بنیاد ہے-

اسلامی مقدسات سے یمن کے عوام کا عشق و محبت ان تکفیری عناصر اور بادشاہوں سے کہیں زیادہ ہے جنھوں نے اپنے تخت و تاج کو بچانے کے لئے امت اسلامیہ پر بھروسہ کرنے کے بجائے امریکا اور صیہونی حکومت کا دامن تھام رکھا ہے- انہوں نے کہا کہ یمن کے عوام حرمین شریفین کا احترام، جارح حکام اور یمنی بچوں کے قاتلوں سے زیادہ کرتے ہیں -

واضح رہے کہ سعودی ذرائع نے عالم اسلام کی رائے عامہ کو گمراہ کرنے کے لئے جمعے کو دعوی کیا کہ یمنی فوج اور عوامی رضاکارفورس نے یمن کے شمالی صوبے صعدہ سے ایک بیلیسٹک میزائل مکہ مکرمہ کی جانب فائر کیا ہے -

جبکہ یمنی فوج اور عوامی رضا کارفورس نے سعودی جارحیتوں کا جواب دیتے ہوئے جدہ کے، ملک عبدالعزیز ہوائی اڈے کو میزائل  حملے کا نشانہ بنایاہے - اس حملے میں جدہ ہوائی اڈے کو خاصا نقصان پہنچا ہے -

 

 

 

 

 

ٹیگس