عراق کے شہر موصل میں دہشت گردانہ حملہ دسیوں شہری جاں بحق اور زخمی
عراق کے شہر موصل میں ایک دہشت گردانہ کاروائی میں دسیوں افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے-
مہر نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق منگل کو مشرقی موصل کے آزاد ہونے والے علاقے البکر کے ایک بازار میں بم دھماکے کے نتیجے میں اکیس افراد جاں بحق اور پینتیس دیگر زخمی ہوگئے, یہ بم ایک بس میں نصب کیا گیا تھا-
دہشت گرد گروہ داعش ، موصل میں عراقی فورسیز کے ہاتھوں پے درپے شکست کھانے کے بعد اب اپنی ناکامیوں کی تلافی کے لئے عام شہریوں کا قتل عام کر رہا ہے- یہ ایسی حالت میں ہے کہ عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی نے جنوب مغربی موصل کے علاقے تل عطبہ کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے-
عراقی فوج نے موصل کے شمال مشرقی علاقے حی البرید پر بھی کنٹرول حاصل کرلیا ہے- اس سے قبل عراقی فوج کی بکتر بند گاڑیوں نے شہر موصل کے مشرقی سیکٹر میں، السلام ہسپتال پر بھی کنٹرول حاصل کرلیا تھا-
در ایں اثنا عراق کے فوجی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ داعش مخالف نام نہاد اتحاد نے موصل کے پانچویں پل کو بھی جو اس شہر کے مغربی علاقوں کو مشرقی علاقوں سے ملاتا تھا، تباہ کردیا ہے-
موصل کی آزادی کی کاروائی، رواں سال اکتوبر کے مہینے سے شروع ہوئی ہے جس میں اب تک عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کو اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں-