بحرین کے سیاسی رہنما شیخ علی سلمان کے خلاف آل خلیفہ حکومت کا ظالمانہ فیصلہ
بحرین میں آل خلیفہ حکومت کی عدالت نے ملک کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت الوفاق پارٹی کے سربراہ شیخ علی سلمان کے خلاف نو سال کی سزائے قید کی توثیق کر دی ہے
لبنان کی النشرہ نیوز ویب سائٹ نے خبردی ہے کہ بحرین کی شاہی حکومت کی آلہ کار عدالت نے الوفاق پارٹی کے سربراہ شیخ علی سلمان کے خلاف جھوٹے اور بے بنیاد الزام کی تائید کرتے ہوئے ان کے خلاف نوسال کی سزا کے فیصلے کی توثیق کردی ہے - اس درمیان بحرینی عوام نے منامہ کے علاقے الدراز میں شیخ علی سلمان کی حمایت میں زبردست مظاہرہ کیا ہے - آل خلیفہ حکومت کی سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے دسمبر دوہزار چودہ میں شیخ علی سلمان کو بے بنیاد الزامات کے تحت گرفتار کرلیا تھا - آل خلیفہ حکومت نے جون دوہزار پندرہ میں ان پر جھوٹے الزامات عائد کرکے انہیں چار سال قید کی سزاسنائی تھی جبکہ بحرین کی اپیل کورٹ نے مئی دوہزار سولہ میں ان کی سزائے قید چار سال سے بڑھا کر نو سال کردی تھی - اس کے بعد بحرین کی وزارت قانون نے چودہ جون دوہزار سولہ کو الوفاق پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی اور سرانجام سترہ جولائی کو بحرین کی نمائشی عدالت نے الوفاق پارٹی کو کالعدم قرار دے کر اس کے دفاتر کو سیل اوراس کے اثاثوں کو ضبط کرلیا تھا - بحرینی عوام فروری دوہزار گیارہ سے ملک میں سیاسی اصلاحات اور آزادی کے حق میں پرامن تحریک چلا رہے ہیں اور سیاسی قیدیوں کی آزادی کے حق میں مظاہرے کررہے ہیں -