اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کے نام شام کا احتجاجی خط
شام کی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے سربراہ کے نام خط میں کہا ہے کہ بعض مغربی ممالک اور ان کے علاقائی اتحادی، اس بین الاقوامی ادارے میں دمشق پر تنقید کرتے ہوئے دہشت گردوں کی حمایت کر رہے ہیں-
شام کی سرکاری نیوز ایجنسی سانا کی رپورٹ کے مطابق شام کی وزارت خارجہ کے خط میں کہا گیا ہے کہ فرانس، برطانیہ، امریکہ اور اس کے علاقائی اتحادیوں منجملہ سعودی عرب، ترکی اور قطر نے اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل میں اس وقت ظالمانہ اور گمراہ کن تنقیدوں کا آغاز کیا ہے، جن کا مقصد حلب اور شام کے دیگرعلاقوں میں دہشت گردوں کا شیرازہ بکھرنے سے روکنا ہے-
اس خط کی بنیاد پر، اقوام متحدہ کے بعض عہدیداروں کے بیانات اور اظہار خیال، دہشت گردوں کی حمایت اور مغربی ملکوں کے اقدامات کی توجیہ کی حمایت میں ہیں کہ جن سے وہ اس عالمی ادارے کے توسط سے اپنے سیاسی اہداف کی تکمیل میں استفادہ کر رہے ہیں-
شام نے اس خط میں ان مغربی ملکوں اور ان کےاتحادیوں کو کیفر کردار تک پہنچائے جانے کا مطالبہ کیا ہے جو شام میں دہشت گرد گروہوں کی حمایت کر کے ہزاروں بے گناہ افراد کے قتل عام کا باعث بنے ہیں-
شام کی وزارت خارجہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے حامی مغربی ممالک، شام کے حق میں اپنی گمراہ کن پالیسیاں ترک کرکے اپنی کوششیں دہشت گردی کے مقابلے پر مرکوز کریں گے-
واضح رہے کہ دہشت گردوں کے ہاتھوں شمالی شام کے شہر حلب کی آزادی کے ساتھ ہی مغربی ممالک اور بعض علاقائی ممالک نے شام کی حکومت کے خلاف پروپیگنڈہ کرتے ہوئے "قتل عام" اور "عام شہریوں پر حملے" جیسے کلمات کا استعمال کیا ہے-