ایرانی امداد کی شام کے مفتی اعظم کی جانب سے قدردانی
شام کے مفتی اعظم نے شمالی شام کے شہر حلب کے عوام کی، ایران کی جانب سے مدد و حمایت کی قدردانی کی ہے-
شام کے مفتی اعظم شیخ احمد بدرالدین حسون نے جمعرات کو تہران میں منعقدہ تیسویں وحدت اسلامی کانفرنس میں تکفیری دھڑوں کے مقابلے میں ایران کی مدد و حمایت کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی قیادت، حکومت اور عوام سب نے شام میں مدد کی ہے-
شام کے مفتی اعظم نے عالم اسلام کے علماء پر عائد بھاری ذمہ داریوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور لبنان کی حمایت نے ثابت کر دیا کہ اس وقت عالم اسلام میں جو آگ بھڑکائی گئی ہے اس کا سبب مذہبی عوامل نہیں ہیں بلکہ یہ مسلمانوں کے خلاف سامراج کی جنگ ہے اور علماء کو چاہئے کہ اس سلسلے میں ہوشیاری کا مظاہرہ کریں اور لوگوں کو عالم اسلام میں اٹھنے والے فتنوں سے آگاہ کریں-
واضح رہے کہ تیسویں بین الاقوامی وحدت اسلامی کانفرنس جمعرات کو تہران میں اتحاد اور تکفیری گروہوں کا مقابلہ کرنے کے نعرے کے ساتھ شروع ہو گئی ہے- اس کانفرنس میں ایران اور دنیا کے مختلف ملکوں کے تین سو سے زائد مہمان شریک ہیں- اس تین روزہ کانفرنس کے دوران تکفیری گروہوں کا مقابلہ کئے جانے کے طریقوں کا جائزہ لیا جائے گا-