Dec ۱۹, ۲۰۱۶ ۱۵:۰۶ Asia/Tehran
  • مغربی ممالک افغانستان میں طالبان اور داعش کی مدد کر رہے ہیں: افغان رکن پارلیمنٹ

ایک افغان رکن پارلیمنٹ نے کہاکہ مغربی ممالک افغانستان میں طالبان اور داعش دونوں کی مدد کر رہے ہیں۔

کابل سے موصولہ خبروں کے مطابق افغان رکن پارلیمنٹ فکوری بہشتی نے ایوان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امریکہ اور مغربی ملکوں کو افغانستان میں جاری بدامنی کا اصل ذمہ دار قرار دیا۔ انہوں نے مغربی ممالک پر زور دیا کہ وہ دہشت گرد گروہوں کی مدد کرنے کے بجائے صرف حکومت افغانستان کی مدد کریں۔
افغان رکن پارلیمنٹ نے اسپیکر سے اپیل کی کہ وہ کابل واشنگٹن سیکورٹی معاہدے پر نظرثانی کا راستہ ہموار کریں کیونکہ امریکہ نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ کسی بھی بین الاقوامی قانون کا پابند نہیں ہے۔
انہوں نے یہ بات زور دیکر کہی کہ افغانستان میں غیر ملکی فوجیوں کی موجودگی سے قومی مفادات اور اقتدار اعلی کو زبردست نقصان پہنچ رہا ہے۔
اس سے پہلے کابل، اروزگان اور فراہ صوبوں سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ، نہ صرف کابل واشنگٹن سیکورٹی معاہدے پر نظرثانی کرنے بلکہ اسے منسوخ کرنے کا بھی مطالبہ کر چکے ہیں۔
قبل ازیں افغان پارلیمنٹ کے ڈپٹی اسپیکر ظاہر قدیر نے کہا تھا کہ صوبہ ننگرہار میں اسلحے اور غذائی اشیا سے لدے کئی نامعلوم ہیلی کاپٹر داعش کے زیر قبضہ علاقوں میں اترے ہیں۔

ٹیگس