Dec ۱۹, ۲۰۱۶ ۲۱:۲۱ Asia/Tehran
  • انقرہ میں فائرنگ روسی سفیر ہلاک

ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں تعینات روسی سفیر قاتلانہ حملے میں ہلاک ہوگئے ہیں۔

خبروں کے مطابق روس کے سفیر آندرے کارلوف پر تصویری نمائش کے افتتاح  کے موقع پر نامعلوم مسلح شخص نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں شدید زخمی ہوگئے۔
ترک حکام کے مطابق روسی سفیر کو موقع پر ہی طبی امداد فراہم کی گئی تاہم وہ  زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
این ٹی وی اور ترک سی این این ٹیلی ویژن کے مطابق نامعلوم مسلح شخص کی فائرنگ کے نتیجے میں دیگر تین افراد بھی زخمی ہوئے ہیں۔ تاحال کسی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
بعض ذرائع ابلاغ نے ایسی فوٹیج  جاری کی ہیں جس میں ایک شخص بندوق ہوا میں لہرارتے ہوئے  یہ نعرہ لگا رہا ہے کہ حلب کا انتقام لے کے رہیں گے۔ کہا جارہا ہے کہ روسی سفیر پر حملہ کرنے والا شخص ترک سیکورٹی فورس کے ساتھ جھڑپ میں ہلاک ہوگیا ہے۔
 اس حملے کے بعد روس کے صدر ولادی میر پوتن نے سیکورٹی اداروں کے  اعلی حکام کا ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے جس میں وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف نے  بھی شرکت کی۔

 

ٹیگس