Dec ۲۲, ۲۰۱۶ ۱۳:۵۱ Asia/Tehran
  • عراق: موصل میں دسیوں دہشت گردوں کی ہلاکت

عراق کے شہر موصل کے جنوب میں عراقی فوج کے توپخانے کی گولہ باری میں دسیوں داعشی دہشت گرد ہلاک ہو گئے-

ارنا کی رپورٹ کے مطابق جنوبی موصل میں عراقی فوج کے توپخانے نے داعش دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر گولہ باری کر کے دسیوں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا-

عراقی فوج نے اسی طرح جنوب مشرقی موصل میں بم نصب شدہ دو گاڑیوں کو تباہ کر دیا جس کے نتیجے میں متعدد دہشت گرد ہلاک ہو گئے-

 موصل کے ایک اور علاقے میں بھی کار بم دھماکے کے نتیجے میں کم از کم دس عام شہری جاں بحق ہو گئے جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں- اس دہشت گردانہ حملے میں پندرہ عام شہری بھی زخمی ہوئے ہیں-

در ایں اثنا عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی نے بدھ کو کہا ہے کہ عراقی فوج نے داعش کے ساتھ جنگ میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں اور عنقریب ہی شہر موصل کے بیشتر علاقے فوج کے کنٹرول میں آجائیں گے-

عراق کے وزیر برائے مہاجرین جاسم محمد نے بھی کہا ہے کہ دہشت گردوں کے حملوں کے باعث دو شہروں موصل  اور الحویجہ سے نقل مکانی کرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ پچیس ہزار ہو گئی ہے-

واضح رہے کہ عراق کے شہر موصل کو داعش دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے کی کاروائی سترہ نومبر دو ہزار سولہ کو عراق کی مسلح افواج کے کمانڈر حیدر العبادی کے حکم سے شروع ہوئی ہے اور اب تک بہت سے علاقے داعش گروہ کے قبضے سے آزاد کرائے جا چکے ہیں- 

 

ٹیگس