طالبان نے افغان حکومت کے ساتھ مذاکرات مسترد کردیے
طالبان دہشتگرد گروہ کے ترجمان نے ایک بار پھر افغان حکومت کے ساتھ مذاکرات کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ملک سے غیر ملکی افواج کا انخلا نہیں ہوگا تب تک افغان حکومت سے امن مذاکرات نہیں کیے جائیں گے۔
کابل سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق طالبان دہشتگرد گروہ کے ترجمان ذبیح الله مجاہد نے یہ بھی کہا ہے کہ جو لوگ افغانستان کے مسائل کے حل اور امن مذاکرات کے آغاز کے خواہاں ہیں، انہیں چاہیے کہ غیرملکی افواج پر افغانستان سے انخلاء کے لیے دباو بڑھائیں۔
طالبان کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے افغانستان کے لئے خصوصی نمائندے تادامیچی یاماموتو نے گزشتہ ہفتہ، سلامتی کونسل کے اجلاس میں طالبان سے افغان حکام کے ساتھ مذاکرات کرنے کی درخواست کی تھی۔
کچھ عرصہ قبل پاکستانی میڈیا نے خبر دی تھی کہ طالبان دہشتگرد گروہ کے بعض سرغنوں نے افغان حکام سے مذاکرات کرنے کی آمادگی ظاہر کی ہے۔
واضح رہے طالبان نے حکومت سے مذاکرات کی بحالی کے لئے غیرملکی فوج کے انخلاء کی شرط رکھی ہے۔