Dec ۲۸, ۲۰۱۶ ۱۴:۵۵ Asia/Tehran
  • صیہونی حکومت غزہ پٹی پر جارحیت سے باز رہے: حماس اور جہاد اسلامی کا انتباہ

فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس اور تحریک جہاد اسلامی نے صیہونی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے غزہ پٹی پر نیا حملہ شروع کیا تو اسے فلسطین کی مزاحمتی فورسز کے دنداں شکن جواب کا سامنا کرنا پڑے گا۔

فلسطین کے انفارمیشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق حماس نے دو ہزار آٹھ اور نو میں غزہ پٹی کے خلاف صیہونی حکومت کی بائیس روزہ جنگ کے آغاز کی برسی کے موقع پرایک بیان میں کہا ہے کہ حماس کا جنگ شروع کرنے کا کوئی پروگرام نہیں ہے لیکن اگر صیہونی حکومت نے ملت فلسطین پر حملہ کرنے اور فلسطینیوں کا خون بہانے کے بارے میں سوچا تو اسے اپنی توقع سے زیادہ شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

حماس نے اس بات پر زور دیا کہ فلسطینیوں کی مزاحمت و استقامت اور شجاعت بائیس روزہ جنگ میں صیہونی حکومت کی جارحیت رکنے کا باعث بنی اور یہ جنگ حماس کو ختم کرنے اور ملت فلسطین کو مزاحمت سے الگ کرنے جیسے اپنے مقاصد کو حاصل کیے بغیر ختم ہو گئی۔

تحریک جہاد اسلامی کے ایک رہنما داؤد شہاب نے بھی اس بات پر زور دیا ہے کہ صیہونی حکومت دو ہزار آٹھ یا بعد کی جنگوں میں اپنا کوئی بھی مقصد حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی اور فلسطینی مزاحمت آج ماضی سے زیادہ طاقتور ہے اور وہ صیہونی حکومت کی کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ واضح رہے کہ غزہ پٹی کے خلاف صیہونی حکومت کی بائیس روزہ جنگ ، ستائیس دسمبر دو ہزار آٹھ کو شروع ہوئی جس میں چودہ سو سے زائد فلسطینی شہید جبکہ کم از کم چار ہزار زخمی ہوئے۔

ٹیگس