حکومت افغانستان نے طالبان کے ساتھ مذاکرات کی تصدیق کردی
Dec ۳۱, ۲۰۱۶ ۱۵:۰۴ Asia/Tehran
حکومت افغانستان نے کہا ہے کہ طالبان کے ساتھ امن مذاکرات کی تفصیلات سے میڈیا اور عوام کو جلد آگاہ کردیا جائے گا۔
افغانستان کے ایوان صدر کے ترجمان ہارون چخان سوری نے حکومت اور طالبان کے درمیان وسیع رابطوں کی تصدیق کرتے ہوئے اس کی مزید تفیصلات بتانے سے گریز کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت افغانستان متعدد بار طالبان کے ساتھ امن مذاکرات، جنگ کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے اپنی آمادگی کا اعلان کرچکی ہے۔
کابل حکومت اور طالبان کے درمیان رابطوں کی خبریں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں کہ جب طالبان کی جانب سے غیر ملکی فوجیوں کے انخلا تک حکومت کے ساتھ مذاکرات سے مسلسل انکار کیا جاتا رہا ہے۔
حکومت افغانستان اور طالبان کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ، طالبان کے سرغنہ ملا عمر کی ہلاکت کے بعد منقطع ہوگیا تھا۔