عراق: مشرقی موصل میں ڈھائی سو دہشت گردوں کی ہلاکت
عراق کی سریع الحرکت فورس کے کمانڈر نے موصل کے مشرقی علاقوں میں کم سے کم دو سو پچاس داعش دہشت گردوں کی ہلاکت کی خبر دی ہے۔
عراق کی سریع الحرکت فورس کے کمانڈر ثامر محمد اسماعیل نے کہا ہے کہ مشرقی موصل کے علاقوں کو آزاد کرانے کی کارروائیوں میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران داعش کے کم سے کم دو سو پچاس دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا-
ثامر محمد اسماعیل نے کہا کہ فوجی آپریشن کے دوران مشرقی موصل کے ایک وسیع علاقے کو آزاد کرا لیا گیا- عراق کی سریع الحرکت فورس کے کمانڈر نے کہا کہ عراقی فوجیوں نے داعش کے تین ڈرون طیارے بھی مار گرائے جو عراقی فوجیوں کو نشانہ بنانا چاہتے تھے-
ثامر محمد اسماعیل نے کہا کہ عراقی فوجی اپنی کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے مشرقی موصل کے انتصار علاقے میں داخل ہو گئے اور اس علاقے کو دہشت گردوں کے وجود سے پاک کر دیا- اس سے قبل عراقی ذرائع نے شہر موصل کے مشرق میں واقع الوحدہ علاقے کی آزادی کی خبر دی تھی-
عراقی فوج نے موصل کرکوک روڈ کو بھی داعش دہشت گرد گروہ کے قبضے سے آزاد کرانےمیں کامیابی حاصل کرلی- شمالی عراق کے صوبہ نینوا کے صدر مقام موصل کو آزاد کرانے کی کارروائیاں سترہ نومبر دو ہزار سولہ سے عراقی وزیراعظم حیدرالعبادی کے براہ راست حکم سے شروع ہوئی ہیں اور اب تک داعش کے زیرقبضہ اس شہر کے بہت سے علاقوں کو آزاد کرایا جا چکا ہے-