امریکی اتحاد کی بمباری میں 27 عراقی شہری جاں بحق
Jan ۰۸, ۲۰۱۷ ۱۴:۳۷ Asia/Tehran
عراق کے شمالی شہر موصل پر امریکی اتحاد کے فضائی حملے میں ستائیس عام شہر جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔
موصل کے فیلڈ ہاسٹپل کے انچارج احمد رائد الحمدانی نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکی اتحاد کے طیاروں نے عراقی شہریوں کے لیے ایندھن لے جانے والے دس ٹرکوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں پندرہ عام شہری جاں بحق ہو گئے۔
نام نہاد داعش مخالف امریکی اتحاد کے طیاروں نے نیو موصل کے علاقے ابن ہیثم پر بھی بمباری کی ہے جس میں عورتوں اور بچوں سے سمیت بارہ افراد مارے گئے ہیں۔
ادھر عراقی فوج کی نینوا کمانڈ کے اعلی افسر نجم الجبوری نے بتایا ہے کہ موصل کے شمالی سیکٹر کی جانب سے داعش کے چار حملوں کو پسپا کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عراقی فوج اور پولیس فورس کے جوانوں نے شمالی موصل میں داعش کے پانچ خودکش بمباروں کو بھی موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔