افغان پارلیمنٹ کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ
افغان پارلیمنٹ نے حالیہ بم دھماکوں کے بعد ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔
بدھ کے روز افغان پارلیمنٹ کے کھلے اجلاس کے دوران گزشتہ روز صوبہ قندھار اور ہلمند میں ہونے والے دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے صدر، سیکورٹی اداروں اور پارلیمنٹ کا مشترکہ ہنگامی اجلاس مطالبہ کیا گیا ہے۔
افغان پارلیمنٹ کے ڈپٹی اسپیکر نعمت اللہ غفاری نے کہا کہ افغان صدر کو چاہیے کہ وہ ملک میں امن و امان کی صورتحال کے بارے میں ایوان میں آ کر ارکان کو آگاہ کریں۔
اس موقع پر بعض ارکان پارلیمنٹ نے دہشت گردوں کے خلاف جنگ کے لیے عام لام بندی کا اعلان کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مخالفین کے مذکرات کے بارے میں خوش فہمی میں مبتلا ہونے کے بجائے ملک کے سیکورٹی اداروں کو مضبوط بنایا جائے۔
افغان رکن پارلیمنٹ لالی حمیدزئی نے کہا کہ حکومت ، طالبان کے ساتھ مذاکرات کا خیال دل سے نکال دے اور عوام کے قاتلوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرے۔
قابل ذکر ہے کہ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں گزشتہ روز ہونے والے بم دھماکوں میں سینتن افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ قندھار میں ہونے والے بم دھماکے میں اٹھارہ افراد ہلاک اور قندھار کے گورنر، متحدہ عرب امارات کے سفیر اور قونصل جنرل سمیت نو افراد زخمی ہو گئے تھے۔
متحدہ عرب امارات کی حکومت نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس کے پانچ سفارت کار قندھار بم دھماکے میں ہلاک ہوئے ہیں۔