موصل میں اہم سرکاری عمارتیں دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد
عراقی افواج نے موصل کو آزاد کرانے کی کارروائیوں کے دوران اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں -
عراقی افواج نے داعش کے قبضے سے موصل شہر کو آزاد کرانے کی کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے شہر کے اندر کی اہم سرکاری عمارتوں منجملہ گورنرہاؤس اور مقامی انتظامیہ کی عمارت کو آزاد کرا لیا ہے - عراق کی انسداد دہشت گردی فورس کے ترجمان صباح نعمان نے ارنا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسداد دہشت گردی فورس نے جمعے کو ان سرکاری عمارتوں کو آزاد کرانے کے ساتھ ہی موصل یونیورسٹی میں کیمیائی ہتھیار بنانے کے داعش کے کئی مراکز پر بھی اپنا کنٹرول کرلیا ہے - عراق کے مذکورہ فوجی عہدیدار نے جمعے کو موصل میں ہونے والی لڑائیوں میں داعش کے جانی نقصان کے بارے میں کہا کہ اس سلسلے میں صحیح اعداد و شمار معلوم نہیں ہوسکے ہیں لیکن انسداد دہشت گردی فورس نے چار سو سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کیا ہے - اس درمیان کرد ملیشیا کے ایک کمانڈر غیاث سورچی نے بھی جمعے کو ارنا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ داعش کو بھاری جانی نقصان پہنچایا گیا ہے اورعراقی افواج نے موصل کے مشرق کے نوے فیصد سے زائد علاقے کو آزاد کرا لیا ہے - ادھر موصل کے مغربی محاذ پر بھی عراقی افواج نے شاندار پیشقدمی کی ہے اور حجف نامی اہم گاؤں کو آزاد کرانے کے بعد وہاں عراق کا پرچم لہرا دیا ہے -