امریکی سفارتخانے کی بیت المقدس منتقلی کا اقدام اعلان جنگ ہوگا :مسجد الاقصی کے خطیب
مسجد الاقصی کے خطیب نے کہا ہے کہ امریکی سفارتخانے کو تل ابیب سے بیت المقدس منتقلی کا اقدام نہ صرف فلسطینیوں بلکہ عربوں اور پوری امت اسلامیہ کے خلاف اعلان جنگ ہوگا
مسجد الاقصی کے خطیب شیخ عکرمہ صبری نے مسجد الاقصی میں ہزاروں فلسطینیوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیت المقدس فلسطین کا دارالحکومت ہے اور امریکی سفارتخانے کو تل ابیب سے بیت المقدس منتقل کرنے کا اقدام اعلان جنگ سمجھا جائے گا - امریکی صدر ٹرمپ نے انتخابی مہم کے دوران اعلان کیا تھا کہ وہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرتے ہوئے امریکی سفارتخانہ تل ابیب سے بیت المقدس منتقل کردیں گے - مسجد الاقصی کے خطیب نے بیت المقدس میں صیہونی بستیاں تعمیر کرنے کے لئے فلسطینیوں کی زمینوں کو غصب کئے جانے کے صیہونی حکومت کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت کے اس قسم کے اقدامات کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے - انہوں نے النقب کے علاقے ام حیران میں فلسطینیوں کے گھروں کو مسمارکرنے کے اسرائیلی اقدامات کی بھی سخت الفاظ میں مذمت کی - انہوں نے مسجدالاقصی کے خلاف صیہونی حکومت کی سازشوں کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ امت اسلامیہ صیہونی حکومت کو اس بات کی اجازت نہیں دے گی کہ وہ مسجد الاقصی کو تقسیم کرے - شیخ عکرمہ صبری نے امت اسلامیہ سے کہا کہ وہ صیہونی سازشوں سے ہوشیار رہے اور اس کا مقابلہ کرے -